شرجیل میمن

سندھ حکومت برساتی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی،شرجیل میمن

حیدر آباد(گلف آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ حکومت برساتی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی، زرعی قرضوں پر سود کی معافی دی جائے گی اور انہیں ایک سال کے لیے موخر کیا جائے گا۔منگل کو جاری اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہاکہ مون سون میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں، جولائی کے مہینے میں 308 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ مون سون 2022 نے تمام 30 اضلاع کو شدید متاثر کیا، سندھ اونچے درجے کے دریائی سیلاب کی زد میں ہے۔ 5 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے زائد سیلابی ریلاگڈو اور سکھر سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے تمام علاقے زیر آب آگئے، ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے، بارشوں سے 402 اموات ہوئیں جبکہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ میں بارشوں سے 860 ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا، تقریبا 15 لاکھ مکانات متاثر ہوئے جن کی لاگت 450 ارب روپے ہے، 11 ہزار 734 مویشی ہلاک ہوئے ان کی مالیت 903.96 ملین روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت برساتی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی، مکانات کے نقصانات اور فصلوں کے معاوضے کی منظوری دی جائے گی۔ زرعی قرضوں پر سود کی معافی دی جائے گی اور انہیں ایک سال کے لیے مخر کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ قرض قسطوں کی ادائیگی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے اقدامات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں