توشہ خانہ کے تحائف

وزیراعظم کا توشہ خانہ کے تحائف کی عوامی نمائش کا فیصلہ

اسلام آباد(گلف آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخ کی منفرد مثال قائم کرتے ہوئے توشہ خانہ کے تحائف کی عوامی نمائش کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کو ملنے والے غیرملکی تحائف اب وزیراعظم ہائوس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔بیرونی ممالک سے ملنے والے تحائف اب عوام دیکھ سکیں گے جبکہ شہباز شریف نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ تحائف عوام کو دکھانے کا اہتمام کیا جائے تا کہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں،

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہائوس میں جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے ہیں، توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت27کروڑ روپے ہے، وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے، تحائف میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں،ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے، خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں، وزیراعظم نے قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنک (بٹن)اور خوشبو کے تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے۔واضح رہے کہ شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب کے طور پر دس سال کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف بھی توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں