سپریم کورٹ

پی ٹی آئی نے اپنے ایم این ایز کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو چیلنج کردیا۔منگل کو رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمی میں چیلنج کیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے اپیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دائر کی ، درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے۔ درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے چکے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفوں کی منظوری کا اعلان کیا تھا، اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں