شہباز شریف ،حمزہ شہباز

نیب قانون میں ترمیم، سیاسی رہنماﺅں کو بڑا ریلیف مل گیا ، شہباز ، پرویز، حمزہ اور گیلانی کیخلاف کرپشن ریفرنسز واپس

اسلام آباد(گلف آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترمیم کے تحت نیب ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا،نیب قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے ،

وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس ہو گیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے ہیں، پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا ہے،

اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا ہے،نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ اسکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں