سردار تنویر الیاس

پی ٹی آئی آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کا سردار تنویر الیاس کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد

اسلام آباد(گلف آن لائن) آزاد کشمیر حکومت نے بلدیاتی انتخابات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مختلف وزارتوں سے متعلق امور میں حکومتی نمائندگان کے خدشات کو دور کرنے کا فیصلہ کر لیا، پی ٹی آئی آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی نے سردار تنویر الیاس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے رواں ماہ آزاد کشمیر میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کے منشور کا اہم حصہ ہے ہر صورت کرائیں گے، پوری پارٹی عمران خان کے نظریے کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کے لیڈر ہیں،،

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پی ٹی آئی آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس صدر پی ٹی آئی و وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی سربراہی میں ہوا،اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، رواں ہفتے میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل اور امیدواروں سے درخواستیں لینے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کے منشور کا اہم حصہ ہے ہر صورت کرائیں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں ہم تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو موقع فراہم کر کے نئی لیڈرشپ کے لیے ایک نرسری کی بنیاد رکھ رہے ہیں، آزادکشمیر کے نوجوانوں کو شراکت اقتدار بنائیں گے، اجلاس میں شریک پی ٹی آئی کی گورننگ باڈی نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کے پوری پارٹی عمران خان کے نظریے کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کے لیڈر ہیں۔

گورننگ باڈی کا کہنا تھا کے اپوزیشن بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار حاصل کرنے کے لیے عدم اعتماد کے شوشے چھوڑ رہی ہے یہ بے وقت کی راگنی ہے۔ اسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نہ صرف یہ پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اب پاکستان اور آزادکشمیر کا سیاسی مستقبل صرف عمران خان کے چاہنے والوں کا ہے۔ پاکستان میں پنجاب ضمنی الیکشن کی کامیابی کے بعد وہاں پر بھی امپورٹڈ حکومت الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ اجلاس میں رواں ماہ آزاد کشمیر میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور کہا گیا کے آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ستمبر مظفرآباد میں ہو گا۔

اس موقع پر وزیراعظم ریاست جموں و کشمیر نے حکومتی اور انتظامی امور کی بمطابق حکومتی پالیسی انجام دہی کو یقینی بنانے ، مختلف وزارتوں سے متعلق امور میں حکومتی نمائندگان کے خدشات کو دور کرنے اور صوابدیدی ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی چوہدری اظہر صادق کریں گے جبکہ ممبران میں چوہدری مقبول گجر ،چوہدری ظفر انور، راجہ منصور خان ،میر عتیق احمد ،چوہدری عامر نذیر اور سردار قاضی اسرائیل ہوں گے۔

کمیٹی انتظامی امور کو حکومتی پالیسی کے عین مطابق عملدرآمد پر مختلف محکمہ جات کے وزرا/ سربرہان کے ساتھ مشاورت سے فیصلےکر کے ان پر عمل درآمد میں نہ صرف معاونت فراہم کرے گی بلکہ وزیراعظم کو اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔میٹنگ کے آخر میں سیلاب زدگان کے لیے دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں