اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔درخواست کیساتھ مبینہ آڈیو لیکس کی ٹرانسکرپٹ بھی لگائی گئی ہے، درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ آڈیو لیکس کی انکوائری کر کے شہباز شریف، کابینہ کے خلاف کریمنل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے پلاننگ سے منظور نہیں کیے گئے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ آڈیو لیکس میں موجودہ حکومت کی بدنیتی واضح ہے، شہباز شریف اور دیگر وزرا نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، شہباز شریف، رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ ، ایاز صادق کے خلاف فوجداری کارروائی ہونی چاہیے۔درخواست میں کہا گیا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سے متعلق زیر التوا کیس کے ساتھ یہ درخواست منسلک کی جائے۔
انکوائری کمیشن وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے انکوائری کرے، اعظم تارڑ، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق، اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی انکوائری کی جائے، آڈیو لیکس میں درخواست گزار کو سیاست سے دور رکھنے کے لیے سازش کی گئی، ان آڈیو لیکس میں ایک مجرمانہ سازش کے تحت درخواست گزار کو ٹارگٹ کیا گیا۔پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ حکومتی وزرا نے سازش اسپیکر اور قومی اسمبلی کے سیکریٹری کے تعاون سے تیار کی، آڈیو لیکس کو وزیرِ اعظم اور وزیر داخلہ تسلیم کر چکے ہیں، نئی صورت حال پیدا ہونے سے قبل عدالت سے استدعا ہے کہ جوڈیشل نوٹس لے۔