لاہور چیمبر

حکومت اور تاجر برادری کے درمیان بامعنی شراکت داری معاشی ترقی کی ضامن ہے’ لاہور چیمبر

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور چیمبرکو حکومت و تاجر برادری کے درمیان مضبوط شراکت داری کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر اجاگر کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن، لائنز کلب، سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور پیاف کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور چیئرمین پیاف فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاروباری برادری اور حکومت، دونوں معاشی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان اچھے اور متوازن تعلقات کامیابی کی کنجی ہیں۔

آج کے عالمی منظر نامے میں تاجر معیشت کا محرک ہیں لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ بہترین کاروباری ماحول اور تاجروں کی اعتماد سازی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ تیز تر اقتصادی ترقی کے لیے ان رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا جو کاروباری شعبہ کی راہ میں حائل ہیں، اس سے جی ڈی پی کی شرح نمو کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صنعت و تجارت کے بہترین مفاد میں مشاورت کو فروغ دے تاکہ تمام پالیسیاں مطلوبہ نتائج دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں