وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

وزیر داخلہ کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست مسترد، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی (گلف آن لائن)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پر راولپنڈی کی سول عدالت نے کرپشن کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دوبارہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل بھی راولپنڈی کی سول عدالت نے وزیر داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، سینئر سول جج غلام اکبر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق رانا ثناء اللہ کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر)میں نامزد کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری مقدمے میں ضروری ہے، لہذا ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاسکتے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیشی دفتر کا دعوی درست ہے لہذا اسے قبول کیا جاتا ہے اور اس کے مطابق رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی عدم گرفتاری پر انہیں اشتہاری قرار دلوانے کیلئے اینٹی کرپشن ٹیم عدالت پہنچی جہاں سینئر سول جج راولپنڈی غلام اکبر نے درخواست پر سماعت کی۔اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے عدالت سے رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دئیے جانے کی استدعا کی جس پر عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وزیر داخلہ کو ابھی اشتہاری قرار نہیں دیا جاسکتا۔عدالت نے رانا ثناء اللہ کو ایک بار پھر گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا جس پر اینٹی کرپشن کی ٹیم مزید ٹیمیں ہمراہ لے کر تھانہ اسلام آباد پہنچی۔اس موقع پر اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اسلام آباد پولیس نے تعاون کیا تو گرفتاری کے لیے وزارتِ داخلہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے اینٹی کرپشن ٹیم تھانے آئی تو ان سے کاغذات وصول کیے جائیں گے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ٹیم سے درخواست کی جائیگی کہ وہ تعمیل کیلئے ریکارڈ مہیا کرے تاکہ قانون کے مطابق عمل کیا جاسکے۔یاد رہے کہ ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہا تھا کہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے۔

انہوںنے کہا تھا کہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ہیں، عدالت کی جانب سے رانا ثنااللہ کو گرفتار کر کے اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں