مسرت جمشید چیمہ

عمران خان کے ساتھ نکلنے والے لاکھوں عوام مقصد حاصل کئے بغیر واپس نہیں آئینگے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)ترجمان وزیر اعلی و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ نکلنے والے لاکھوں عوام مقصد حاصل کئے بغیر واپس نہیں آئیں گے،ہمارااحتجاج پرامن ہے، یہ قانون کی حکمرانی کی جنگ ہے،قانون بنانے میں کروڑوں روپے لگتے ہیں مگر یہ لوگ قانون اور آئین کی پاسداری نہیں کرتے،27کلو میٹر کا اقتدار بھی پی ڈی ایم نے چھین کر لیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستانی عوام لانگ مارچ کے اعلان کا شدت سے انتظار کر رہے تھے، جمعہ 11 بجے لبرٹی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گا،اگلا کیمپ اچھرہ، مزنگ چونگی پر ہوگا، آزادی چوک پر عمران خان خطاب کریں گے،شاہدہ سے قافلے براستہ جی ٹی روڑ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد امپورٹڈ حکومت کوچلتا کرنا ہے اور انتخابات کروانا ہے، یہ لانگ مارچ مظلوم پاکستانیوں کو ظالموں سے نجات دلانے کیلئے ہے،عمران خان اور عوام کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے،28 اکتوبر سے پاکستان کی حقیقی آزادی کا آغاز ہو گا۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ اپنے بچوں کو ان بھیڑیوںکے آگے ڈالنا ہے یا حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کرنی ہے۔

انہوںنے کہا کہ بیرونی اور اندرونی فسطائیت کا شکار قوتیں عمران خان کے خلاف نبرد آزما ہیں،عمران خان کو زہردینے کی کوشش کی گئی، عمران خان کے ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی، گاڑی میں آگ لگی۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت میں کبھی شہریوں کی آبرو ریزی کی جاتی ہے اور مخالفین کو شہید کروایا جاتا ہے،یہ لوگ اقتدار میں عوام کی خدمت کرنے نہیں رنگ رلیاں منانے آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ اپنی بچیوں کا زیور بیچ کر بجلی کے بل جمع کر وا رہے ہیں،ہمارااحتجاج پرامن ہے، یہ قانون کی حکمرانی کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والو اس مارچ کو روک سکتے ہو تو روک لو،عمران خان کے خلاف ہر پراپیگنڈا کو عوام نے مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے شہید ارشد شریف کے متعلق ٹویٹ میں انسانیت کی توہین کی،مریم کا بیان اس کی پرورش کی نشاندہی کرتا ہے،مریم صفدر نے میت کی توہین کرکے شہید کی ماں کا دل دکھایا،ارشد شریف نے شہادت کا رتبہ پایا جو قسمت والوں کو ملتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں