حمزہ شہباز

عمران نیازی ، جھوٹے بیانیے کے پائوں کٹ گئے دورخی سیاست طشت از بام ہو گئی ‘حمزہ شہباز

لاہور ( نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور اس کی جماعت ارشد شریف کے جسد خاکی پر سیاست چمکاتے رہے، عمران نیازی اور اس کے جھوٹے بیانیے کے پائوں کٹ گئے ہیں۔ انہوں نے ارشد شریف واقعے پر ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر کہا کہ ارشد شریف کی اللہ تعالی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے،اللہ تعالی ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئج ایس آئی کی پریس کانفرنس نے اس اندوہناک واقعہ کے کئی پہلوئوں پر سوال اٹھا دیئے ہیں، امید ہے کہ تحقیقات سے حقائق قوم کے سامنے آ جائیں گے۔اس پریس کانفرنس سے عمران نیازی اور اس کے جھوٹے بیانیے کے بھی پائوں کٹ گئے ہیں، عمران نیازی اور اس کی جماعت ارشد شریف کے جسد خاکی پر سیاست چمکاتے رہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دورخی سیاست طشت از بام ہو گئی ہے، اداروں پر دشنام طرازی کی اس مہم کے پیچھے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی فرمائش نہ ماننا ہے۔عمران نیازی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ چکا ہے۔ عمران نیازی کے لانگ مارچ کا اصل مقصد ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں