فیصل واوڈا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کردی

اسلام آباد (گلف آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کیلئے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔پی ٹی آئی کے آفیشل اکائونٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں عمران خان کی جانب سے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر جاری کردہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جارہا ہے، آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنما فیصل واڈا کو شوکاز نوٹس معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا۔فیصل واڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے کا منصوبہ پاکستان کے اندر بنایا گیا اور اس کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور لاشیں گرانا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اور موت ہی موت نظر آرہی ہے اور اہم شخصیات سمیت کئی لوگ مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں