فخر زمان

جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے قبل فخر زمان انجری کا شکار ،حارث کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان

سڈنی (گلف آن لائن) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے بیٹر فخر زمان گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد انکی جگہ محمد حارث کو پاکستان ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر نجیب سومرو نے سڈنی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فخر زمان کی انجری وہ ہی ہے جو ایشیا کپ میں تھی۔میڈیکل پینل تمام صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فخر زمان کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، امید ہے وہ جلد انجری سے نجات حاصل کرلیں گے، میڈیکل پینل ان کی انجری کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔

ڈاکٹر نجیب سومرو کا کہنا تھا کہ فخر زمان کو کھلا کہ رسک لیا تھا کبھی کبھی اس طرح کے رسک میں کامیابی ملتی ہے کبھی انجری دوبارہ سر اٹھا لیتی ہے۔بدقسمتی سے فخر کی انجری دوبارہ ہوگئی اس وجہ سے انہیں آرام دیا جارہا ہے۔ڈاکٹر نجیب سومرو کا کہنا تھا کہ فخر زمان پر زیادہ رسک نہیں لیں گے۔ڈاکٹر نجیب سومرو نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو انجری کسی بھی وقت ہوسکتی ہے، ٹیم کے باقی تمام کھلاڑی فٹ ہیں۔ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ مزید مشاورت کے بعد آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کی درخواست کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ آج بروز بدھ کو سڈنی میں شیڈول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں