شبلی فراز

کہنے کو پنجاب میں ہماری حکومت ہے ،ایسے لوگ ہیں جن کے نہ صرف پاکستان بلکہ باہر بھی اثر و رسوخ ہے ‘ شبلی فراز

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ کہنے کو پنجاب میں ہماری حکومت تو ہے لیکن کئی ایسے لوگ ہیں جن کے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی اثر و رسوخ ہے ،اتنا بڑا سانحہ ہو گیا ہے اور اس کی ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی ، اگر ہماری درخواست کو زیر غور نہ لایا گیا تو متعلقہ تھانے کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے ،معاملے کی پوری تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ یہ کسی کا انفرادی عمل نہیں تھا ۔ شوکت خانم ہسپتال میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان ساری قوم کی امیدوں کا مرکز اور امیدکی کرن ہیں، قوم ایک ایسا مستقبل دیکھنا چاہتی ہے جس میں قانون وانصاف کی بالا دستی ہو ، جب قانون و انصاف کی بالا دستی ہوتی ہے توسب آرام کی نیند سوتے ہیں اورسب کے لئے خوشحالی کے برابر مواقع ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ جب سے ملک میں سازشی حکومت آئی ہے اور چوروں کو مسلط کیا گیا ہے تب سے ملک کی معیشت ، اخلاقی روایات ، امن و امان سب کچھ دائو پر لگ گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہ صرف عمرا ن خان کی جنگ نہیں ہے ، سب پاکستانی اس کے اسٹیک ہولڈرز ہیںخاص طو رپر نوجوان شامل ہیں۔ ہمارے قائد کاایک ہی مقصد ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی ہے اور چوروں اور لٹیروں جو ایک فیصد ہیں ان سے ملک کی جان چھڑانی ہے ،عمران خان ایک دلیر لیڈر ہے ، اس واقعہ کے بعد وہ زیادہ پر عزم ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو ایک یا دو روز میں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا جائے گا، باق زخمیوں کی صحت میں بھی بہتری آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ایک واقعہ ہوگا اور پھر یہ سب مذہبی جنونی پر ڈال دیا جائے گا، یہ انفرادی عمل نہیں تھا اس کا بھی ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ اس کے پیچھے بہت بڑی سازش ہے اور ہم اس سازش کو بے نقاب کریں گے۔ انہوںنے صوبے میں حکومت ہونے کے باوجود ایف آئی آر کا اندراج نہ ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس ملک کا یہی مسئلہ ہے ،سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ جس پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے لیکن ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی ہے ہم جو نام دے رہے ہیںتھانے والے انہیں شامل نہیں کر رہے ،اس ملک میں با اثر لوگ ایف آئی درج نہیں ہونے دیتے اسی کے خلاف ہماری جنگ ہے کہ قانون سب کے لئے برابر ہے ۔ کوئی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں،کوئی امیر ہے یاغریب ہے کوئی با اثر ہے سب کے لئے قانون برابر ہونا چاہیے ۔ ہم دیکھ رہے ہیں ، اتنے بڑے سانحہ کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو متعلقہ تھانے کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کہنے کو صوبے میں ہماری حکومت ہے لیکن کئی ایسے لوگ ہیں جن کا نہ صرف پورے پاکستان میں بلکہ پاکستان سے باہر بھی اثر و رسوخ ہے، اس مقدمے میںاس وقت تک شفاف تحقیقات مکمل ہو ہی نہیں سکتیں جب تک متاثرہ فریق کے جن افراد پر شکوک و شبہات ہیں وہ عہدوں پر براجما ن ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں