مراد راس

پاکستان بھر کے لوگوں کی اُمیدیں عمران خان سے جڑی ہیں،مکمل صحتیابی کیلئے دعا کریں’مراد راس

لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بطور مہمان خصوصی دانش سکولز سالانہ سپورٹس گالا 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طلبا کی زندگی میں کھیلوں کی قلیدی اہمیت ہوتی ہے، ہمارے بچوں کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں بھی اُتنی ہی اہم ہیں جتنی کہ تعلیم۔ مراد راس نے کہا کہ میں آج یہاں صرف ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو نہیں بلکہ سپورٹس گالا میں حصہ لینے والے تمام بچوں کو ان کی ہمت کوشش اور جذبے کیلئے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سپورٹس گالا 2022 میں شریک ہونے والے تمام طلبا کا جوش و جذبہ قابلِ تعریف ہے۔

مراد راس نے کہا کہ پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس کی پوری انتظامیہ نے تیسرے دانش سکولز سپورٹس گالا کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے دانش سکول حاصل پور میں طلبا کیلئے نئے تعمیر کئے جانے والے رہائشی بلاک کا افتتاح بھی کیا۔مراد راس کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے لوگوں کی اُمیدیں عمران خان سے جڑی ہیں۔ تمام لوگ اُن کی جلد از جلد اور مکمل صحتیابی کے لئے بھرپور دعا کریں۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے کہا کہ ہم نے دانش سکولز کے نظام کو گزشتہ چند سالوں میں بہتر سے بہترین بنایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دانش سکول سپورٹس گالا 2022 کے مقابلے 7 دن تک جاری رہیں گے اور طلباء کے مابین کرکٹ، فٹبال، ہاکی، والی بال، ہینڈبال، رسا کشی، باسکٹ بال، 100 میٹر، 400 میٹر دوڑ، و دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ یہاں ہمارے بچوں کو غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات دی جا رہی ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ دانش سکولز سالانہ سپورٹس گالا 2022 میں کُل 1760 طلبا و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس کو ڈے بورڈرز کے لئے بھی کھول دیا یے تاکہ بورڈنگ والے طلبا کے ساتھ ساتھ ڈے بورڈرز بھی زبردست تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ہم نے سیاسی روایات کے خلاف ماضی کی حکومتوں کے منصوبے بند کرنے کی بجائے انہیں پہلے سے بہتر بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت دو ایسے ادارے ہیں جنہیں کبھی بھی کسی بھی حال میں سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔دانش سکولز سالانہ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب کا انعقاد دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس حاصل پور میں کیا گیا اور اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور، سی ای او دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس احمر ملک، مقامی ایم پی ایز، و دیگر موجود تھے

اپنا تبصرہ بھیجیں