ہمایوں اختر خان

عوام 26نومبر ایک بار پھر فوری شفاف انتخابات کے مطالبے کی توثیق کرینگے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ پاکستان کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،ان شااللہ سارے پاکستان اور بالخصوص لاہور سے قافلے چیئرمین عمران خان کی کال پر راولپنڈی پہنچیں گے اورحقیقی آزادی کے اس فیصلہ کن مرحلے کے ہر قدم پر اپنے قائد کے شانہ بشانہ ہوں گے،عوام ایک بار پھر ثابت کریں گے وہ تحریک انصاف کے فوری صاف و شفاف انتخابات کے مطالبے کی توثیق کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی 26نومبر کی کال کے سلسلہ میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود،لاہور کینٹ کی صدر روبینہ جمیل ،جنرل سیکرٹری راجہ شہزاد حسین ،اویس یونس،منشا سندھو ،بلال اسلم بھٹی ،مظہر حفیظ بٹ سمیت دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں عمران خان کی 26نومبر کی کال پر قافلوں کی روانگی کے حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک سیاسی اور معاشی طور پر جن گھمبیر مسائل سے دو چار ہے اس کا واحد حل فوری صا ف اور شفاف انتخابات ہیں ، وفاق میں بیٹھی 13جماعتیں اپنی سیاست اور مفادات کی بجائے 22کروڑ عوام کے ملک کے مفادات کو مقدم رکھیں ۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ تحریک پر امن رہتے ہوئے ملک و قوم کیلئے عظیم مقاصدحاصل کرے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں