وزیراعظم

ترکیہ کے ساتھ تین برسوں میں باہمی تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم

استنبول(گلف آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں دستیاب پرکشش مواقع سے بھرپور استفادہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بالخصوص قابل تجدید توانائی، دفاعی پیداوار، شمسی توانائی سمیت متنوع شعبہ جات میں ترک سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے، تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے موثر اقدامات کررہے ہیں ،بیجنگ کی طرح ترکیہ کمپنیوں کو بھی پاکستان میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا ہے جنہیں دور کریں گے اور تجارتی حجم کو پانچ ارب ڈالر سے آگے لے جائیں گے،تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ترکیہ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، تین برس میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو پانچ بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے۔

ہفتہ کو یہاں پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے پر پیشرفت ہوئی ہے، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ماضی میں ترکیہ کی بعض کمپنیوں کیلئے پاکستان میں مشکلات رہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے گزشتہ دنوںترکیہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی طرح دہشتگردی کا نشانہ بنتا رہا ہے۔ انہوں نے استنبول دہشتگردی میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو ہرانے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، دہشت گرد انسانیت کے درجے سے گرے ہوئے لوگ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں حالیہ ہولناک سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ لوگ متاثر ہوئے جبکہ اس سے ایک ہزار 700 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں، تجارتی حجم میں اضافہ کرنے کیلئے ترکیہ کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، ترکیہ کے ساتھ تین سالوں میں تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کثیرجہتی روابط میں مزید اضافہ اور مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے بہت زیادہ مواقع اور بے پناہ امکانات موجود ہیں، ہم پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ہم نے ترکی کے ساتھ تجارت میں اضافہ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترکیہ کمپنیوں کے لئے کچھ مشکلات رہی ہیں، ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے مسائل دور کرنے اور ان کیلئے آسانی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ متنوع شعبوں بالخصوص قابل تجدید توانائی، دفاعی پیداوار اور شمسی توانائی میں ترک سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے، اس ضمن میں پاکستان کی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ترکیہ میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائی قابل مذمت ہے جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں انتہائی دکھ ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب اور پاکستانی وفد میں شامل دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں