میاں اسلم اقبال

ضمیروں کا سوداگر ہارس ٹریڈنگ کی منڈی لگانے لاہور آرہاہے’میاں اسلم اقبال

لاہو ر(گلف آن لائن) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت 18ویں آئینی ترمیم کا کریڈٹ لیتی ہے لیکن اس پرعمل نہیں کرتی،صوبوں کے ترقیاتی فنڈز روک کر 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ،وفاق میں بیٹھے غیر جمہوری حکمران پنجاب حکومت کو افسران نہیں دے رہے ،ضمیروں کا سوداگر ہارس ٹریڈنگ کی منڈی لگانے لاہور آرہاہے۔انہوں نے 90شاہراہ قائد اعظم پر سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کرپٹ نظام سے نکلنے کے اعلان سے چوروں کا ٹولا حواس باختہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے ۔

عمران خان جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں اسی لئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کی جارہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کے کرپشن کے کیسز ختم کرکے پھر سے انہیں لوٹ مار کے مواقع دیئے جارہے ہیں۔امپورٹڈ سرکار کی کرپشن اور نااہلی سے ملک کے 22کروڑ لوگ متاثر ہوئے۔

اسی لیے عوام کرپٹ اور نالائقوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لئے بننے والے 13جماعتوں کے اتحاد کا شیرازہ بکھرنے والا ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر اعجاز احمد چوہدری ، صوبائی وزیر توانائی و خوراک حسنین بہادر دریشک،ایم پی اے احمد شاہ کھگہ،چوہدری شفیق،شیخ عمران و دیگر شامل تھے۔ملاقاتوں میں پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں