فردوس جمال

اداکار فردوس جمال کینسر میں مبتلا ہو گئے

ِکراچی (گلف آن لائن)پاکستانی ٹیلیویژن، فلم اور اسٹیج انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار فردوس جمال کینسر جیسی موذی بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔سینئر اداکار فردوس جمال میں کینسر کی تخشیص سے متعلق افسوسناک خبر اْن کے بیٹے کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔اداکار کے بیٹے حمزہ فردوس نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا ہے کہ میرے والد کا کینسر کا علاج شوکت خانم میں چل رہا ہے۔انہوں نے اس پوسٹ میں مزید لکھا کہ پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے کیوں کہ میرے والد کے ساتھ ان کے گھر والے موجود ہیں اور آپ سب اِن کے دوست، مداح اور ساتھی بھی اس کڑے وقت میں اْن کے ساتھ ہیں۔

فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس کا اپنی انسٹاپوسٹ میں لکھنا ہے کہ والد تمام مشکلات سے لڑ کر آگے بڑھے اور اداکار بنے، اب ایک اور جنگ لڑنی ہے لیکن خوش قسمتی سے چیزیں اِن کے حق میں ہیں، ان شاء اللّٰہ وہ اس بار بھی مضبوطی سے اس مشکلات کا سامنا کریں گے اور کڑے وقت سے باہر نکلیں گے۔حمزہ فردوس نے اپنی پوسٹ کے آخر میں تمام مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کے والد کو خصوصی طور پر دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں