سردار ایاز صادق

مودی سرکار کے مظالم کے با عث مسلمانوں کا براحال ہوگیا،سردار ایاز صادق

لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے،اگر وہ نہ ہوتے تو پاکستان نہ ہوتا، مودی سرکار کے مظالم کے با عث مسلمانوں کا براحال ہوگیا،مساجد کو آگ اور مسلمانوں پر تشدد ان کا فریضہ بن چکا ہے،پاکستان کے جھنڈے میں اقلیتوں کا بہت بڑا کردار ہے، نواز شریف نے قائداعظم کی روایت مسلم لیگ کو لے کر آگے بڑھایا،چند سالوں میں نواز شریف کے اندر جو رفاقت دیکھی کہ تو کہنے والے کو بھی آپ کہہ کر پکارتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں،

عمران خان نے ہمیشہ ان کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا،نواز شریف نے ہمیشہ خان صاحب کہہ کر پکارا،کبھی غلط الفاظ نہیں نکلے،مسلم لیگ ن والوں کے والدین اور عمران خان کے والدین کی تربیت میں بہت فرق ہے،شائد عمران خان کے والدین نے انہیں ایسی تربیت نہیں دی،وہ سوچتا ہے کہ گالی سے مقبولیت حاصل ہوتی ہے مگر ہم عزت ، محبت اور کام کو مقبولیت سمجھتے ہیں، میں اللہ کا بہت گنہگار بندہ ہوں، میں ریاست مدینہ کے نام کو پامال نہیں کرسکتا۔

اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ افضل بشیر مسلسل تاکید کرتے رہے کہ تین چار گنا بل کی ادائیگی مسئلہ بن چکا ہے،22سال سے یہ مسئلہ جاری ہے،اللہ کے فضل سے یہ مسئلہ حل ہوا ، ہماری نظر میں چیف ایگزیکٹو لیسکو بلال اعوان ہے،بلال اعوان نے عوام کےلئے روزانہ کی بنیاد پر اپنے فرائض سرانجام دئیے، انہوں نے 14ٹرانسفارمر اس حلقے میں لگوائے،میرے سے بھی زیادہ بلال اعوان نے کام کیا،جہاں چاہئے ہوتا تھا فون کراکر مسئلہ حل کراتے تھے،یہاں تک کہ سلمان بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے عوام کی بنیادی سہولیات کےلئے کچھ بھی نہیں کیا،فنڈز کہاں لگیں گے اس کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے،عبد ا لبشیرکی قیادت میں کونسلر صاحبان اور معزز علاقہ بیٹھیں،انہوں نے فنڈز کے پیسے کا فیصلہ کیا،ایک پیسہ بھی میری اور سلمان رفیق کی مرضی سے نہیں چلا، وہ پیسہ علاقے کے چیئرمین ، کونسلر ، وائس کونسلر اور علاقے کے معززین کی مرضی سے لگے گا،ہمارے لیے عبدالبشیرہی چیئرمین ہیں۔ ایا ز صادق نے کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے،اگر وہ نہ ہوتے تو پاکستان نہ ہوتا،جب سے بھارت میں مودی سرکارآئی وہاں موجودمسلمانوں کا براحال ہوگیا ہے،مساجد کو آگ اور مسلمانوں پر تشدد ان کا فریضہ بن چکا ہے،قائداعظم کی ہدایت کے مطابق پاکستان کے جھنڈے میں اقلیتوں کا بہت بڑا کردار ہے،پاکستان میں موجود تما م اقلیتوں کے تحفظ کا نہ صرف ہمارا مذہب بلکہ اس کی قائداعظم نے بھی تاکید کی،آج حضرت عیسیٰ کا بھی یوم پیدائش ہے،ہم ان کی بھی اسی طرح عزت کرتے ہیں جیسے باقی پیغمبروں کی کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف نے قائداعظم کی روایت مسلم لیگ کو لے کر آگے بڑھایا،میں نے چند سالوں میں نواز شریف کے اندر جو رفاقت دیکھی کہ تو کہنے والے کو بھی آپ کہہ کر پکارتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں،عمران خان نے ہمیشہ ان کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا،نواز شریف نے ہمیشہ انھیں خان صاحب کہہ کر پکارا،ان کے منہ سے کبھی غلط الفاظ نہیں نکلے،مسلم لیگ ن والوں کے والدین اور عمران خان کے والدین کی تربیت میں بہت فرق ہے،شائد عمران خان کے والدین نے انہیں ایسی تربیت نہیں دی،وہ سوچتا ہے کہ گالی سے مقبولیت حاصل ہوتی ہے مگر ہم عزت ، محبت اور کام کو مقبولیت سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کی روایت کو آگے بڑھا کر نواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کرایا،وہ جو دن تھے وہ لمحہ فکریہ تھے،ہمیں پتہ نہیں تھا کہ بھارت ہم پر حملہ کر سکتا ہے یا ہمیں اپنے دفاع کو کیسے ممکن بنانا ہے،وہ کام نواز شریف نے پورا کر دکھایا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا،اگرنواز شریف نے ایٹمی دھماکے نہ کرائے ہوتے تو بھارت ہم پر کئی حملے کر چکا ہوتا،کانوں کو ہاتھ لگا کر کہتا ہوں کہ میں اللہ کا بہت گنہگار بندہ ہوں، میں ریاست مدینہ کے نام کو پامال نہیں کرسکتا

اپنا تبصرہ بھیجیں