اسلام آباد، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن نے عدالت میں جواب جمع کروادیا

اسلام آباد (گلف آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے تفصیلی جواب جمع کروادیا۔جمعہ کو الیکشن کمیشن نے اخراجات کی تفصیلات ہائی کورٹ میں جمع کرواتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اب تک 5 کروڑ 52 لاکھ 98 ہزار 694 روپے خرچ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادائیگی بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ، الیکشن میٹیریل، اسٹیشنری ، پیٹرولیم چارجز پر ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل کے لیے 15 کروڑ 72 لاکھ 48 ہزار 694 روپے مختص کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ عدالت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے ایک اور جواب جمع کروایا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں، ہم نے بروقت بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا جو ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (1) کے تحت لوکل گورنمنٹ قوانین کو مدنظر رکھ کر الیکشن کروائیں گے، جب الیکشن کی تیاری مکمل ہوتی ہے تو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قوانین میں تبدیلی سے بروقت الیکشن میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔کمیشن نے جواب میں کہا کہ دفعہ 219 (ایک) اور (4) آپس میں متصادم ہیں۔الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (ایک) لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت صوبائی اور مرکز میں بلدیاتی الیکشن کا مینڈیٹ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے لیے 120 روز میں بلدیاتی انتخابات کرانا لازمی ہوتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں قوانین میں تبدیلی کرتی ہیں تو انتخابات کرانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون میں ترمیم کا مقصد وفاقی یا صوبائی حکومتوں کو الیکشن کے قریب قوانین میں ترمیم سے روکنا ہے۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے 120 دن کے اندر انتخابات پر اصرار کیا تاہم وزیر قانون نے بھی 4 ماہ کے اندر انتخابات پر رضا مندی ظاہر کی جبکہ وزارت داخلہ نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے 27 دسمبر کو اسلام آباد میں انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے نئی ٹائم لائن جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن 31 دسمبرکو انتخابات کروانے کے لیے تیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 101 سے 125 تک یونین کانسل میں اضافہ کی وجہ سے کمیشن 31 دسمبر کو انتخابات نہیں کرواسکتی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان یونین کانسل میں انتخابات کے لیے 60 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں