وزیر خارجہ

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کوسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنائے،وزیر خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

جمعرات کو یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن 1949میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان (یو این سی آئی پی )نے متفقہ طور پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی قرارداد منظور کی تھی۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے جسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی دستاویزات میں برقرار رکھا گیا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حق خود ارادیت سے متعلق اپنی سالانہ قرارداد میں اس کی توثیق کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر کے عوام کے عزم کے احترام کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلظ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ کے گزشتہ 75 سال کشمیری عوام پر جبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان مظلوم لوگوں کو حق خودارادیت کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کا استعمال کرنے اور عزت کی زندگی گزارنے کا حق دینے سے انکاری ہے ،بھارت نے 5 اگست 2019کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کئے ہیں، بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے مقبوضہ وادی میں آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیاں کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج حق خودارادیت کے حصول کے قابل بنایا جا سکے، اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لئے بھارت کے اقدامات کو تبدیل کرنے پر بھی زور دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے لئے اپنا کردار ادا کرنے ، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول تک ہماری بھرپور،ثابت قدم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں