عمران اشرف

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست

کراچی (گلف آن لائن)معروف اداکار، لکھاری و ماڈل عمران اشرف نے اہلیہ کرن اشفاق سے طلاق ہوجانے کے بعد مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کیلئے، ان کی سابق اہلیہ اور بیٹے کیلئے دعا کریں کہ ان کی باقی زندگی اچھی گزرے۔عمران اشرف اور کرن اشفاق نے اکتوبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے طلاق کی وجوہات نہیں بتائی تھیں۔دونوں نے کچھ عرصے تعلقات میں رہنے کے بعد 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2020 میں بیٹے روہان کی پیدائش ہوئی تھی۔دونوں میں کبھی اختلافات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں جب کہ ان کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا اور ان کی طلاق ہوجانے پر ان کے مداح حیران رہ گئے تھے۔طلاق کے چند ماہ بعد حال ہی میں عمران اشرف نے ایک ٹاک ٹاک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے طلاق کے بعد کی زندگی سمیت شوبز کے حوالے سے کھل کر باتیں کیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اگر انہیں اقرا عزیز، سارہ خان اور ماہرہ خان میں سے کسی ایک کے ساتھ کام کرنا کا کہا جائے تو وہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے، کیوں کہ انہوں نے آج تک ان کے ساتھ کام نہیں کیا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ سینئر اداکاروں طلعت حسین اور فردوس جمال کو اپنا مینٹور مانتے ہیں اور انہوں نے ان کی اداکاری دیکھ دیکھ کر بہت کچھ سیکھا۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں فردوس جمال کی یہ بات بری نہیں لگی تھی، جس میں انہوں نے عمران اشرف کے لیے کہا تھا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی۔عمران اشرف نے کہا کہ فردوس جمال ایک طرح سے ان کے والد کی طرح ہیں، والد بھی انہیں اکثر بولتے دیتے ہیں کہ انہیں اداکاری نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد بیٹے کی پرورش اور زندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن میں 25بار بیٹے کے جسم کو دیکھ کر ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ انہیں کہیں چوٹ تو نہیں لگی، کہیں درد تو نہیں ہو رہا؟۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے طلاق کے بعد اپنی زندگی میں آنیوالی مشکلات پر کھل کر بات کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ وہ کوئی ایسی بات نہیں کہیں گے جس مستقبل میں سن کر ان کے بیٹے انہیں غلط سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیٹے کی خاطر خاموش ہیں اور ان کے لیے اس وقت بیٹے کی زندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔انہوں نے کرن اشفاق سے طلاق کے بعد آنے والی مشکلات پر بات کرنے سے معذرت کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کیلئے ان کی سابق اہلیہ اور بیٹے کے لیے دعا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں