اعظم نذیر تارڑ

پرویز الٰہی ابھی عدالتی وزیر اعلی ،186 ووٹ لیں گے تو آئینی وزیر اعلی ہونگے’ اعظم نذیر تارڑ

لاہور( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی ابھی عدالتی وزیر اعلی ہیں ،وہ 186 ووٹ لیں گے تو آئینی وزیر اعلی ہوں گے ،آئین اور قانون گورنر کو مکمل اختیار دیتا ہے کہ وہ اعتماد کے ووٹ کا کہے جبکہ صدر اور گورنر کسی مشورے کے پابند نہیں ، اختیار قومی اسمبلی میں صدر اور صوبائی اسمبلی میں گورنر کے پاس ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکیل تلوار کے بجائے قانون اور بات چیت پر یقین رکھتا ہے ،وفاقی حکومت نے وکلا ء کے لیے بجٹ میں 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ دعوی کرتے ہیں ہم اکثریت میں ہیں تو پھر بھاگ کیوں گئے ، یہ ووٹ کے ڈر سے بھاگ کر عدالت کیوں چلے گئے ؟۔پرویز الٰہی اگر 186 ووٹ لیتے ہیں تو وہ آئینی وزیر اعلی ہوں گے لیکن ابھی وہ عدالتی وزیر اعلی ہیں۔

عدالتوں سے استدعا ہے کہ ایسے معاملات آئینی ہوتے ہیں ان کے دور رس نتائج ہوتے ہیں۔عدالتیں اس وقت مداخلت کرتی ہیں جب آئین کو توڑنے کی کوشش کی جائے اور عمران خان کو شاید پارلیمان سے الرجی ہے۔ مسائل جو عمران خان نے کھڑے کر رکھے ہیں ان کا حل پارلیمان میں ہے اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر یہ مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ ایک مکتبہ فکر نے سیاست کو گندا کیا، جلسوں میں کھڑے ہو کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا سیاست نہیں ہے،گزشتہ چند برسوں میں ایک مکتبہ فکر نے سیاست کو گندا کر دیا۔انہوںنے کہاکہ ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے سے پہلے آپ کا اپنا دامن بھی صاف ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں