مریم اور نگزیب

چار سال چور کیوں ثابت نہ کر سکے ، صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی ،وزیر اطلاعات

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار سال چور کیوں ثابت نہ کر سکے ، صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی ،ہم نے چالیس سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا ،بنی گالہ میں عدالت لگائیں اور خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ مافیا اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے،چار سال میں الزامات کیوں ںثابت نہیں کئے؟ چور کیوں ثابت نہ کرسکے؟،اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی، چار سال تمام طاقت ہونے کے باوجود آپ ایک الزام ثابت نہیں کر سکے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نیب چیئرمین کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا لیکن عدالت میں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، ایک ثبوت پیش نہ کرسکے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ،انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانوی عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کئے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے چالیس سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ بنی گالہ میں عدالت لگائیں اور خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے،آپ اِس قوم کی مہنگائی ، قرضے ، معاشی تباہی اور بے روزگاری کے مجرم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں