مسرت چیمہ

نگراں وزیر اعلیٰ کا رات کے اندھیرے میں تقرر،تاریکی میں ہی حلف سے سب کچھ واضح ہے’ مسرت چیمہ

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ متنازعہ اور نیب زدہ محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلی تقرری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف بھرپور احتجاج کرے گی،ہم سڑکوں پر بھی جائیں گے اور عدالتی دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں تقرراورتاریکی میں ہی حلف سے سب کچھ واضح ہے،ثابت ہو گیا دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے ،نگراں وزیر اعلی کاحتمی نام کہیں اور سے آیا ہے ،الیکشن کمیشن نے صرف اعلان اور دستخط کئے۔ انہوںنے کہا کہ عوام اب بند کمروں میں کئے جانے والے فیصلوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے،ایسے فیصلے عوام کو مزید مشتعل کرتے ہیں،پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے بوسیدہ نظام کو زمین بوس کر کے نئے سرے سے تعمیر نا گزیر ہے۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے ” ابھی نہیں تو کبھی نہیں” کے عزم کے ساتھ جدوجہد کرنے کا فیصلہ کر لیا،منہ زور مافیاز کے آگے بندنہ باندھا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ان کی غلام رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں