نیڈ پرائس

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم شراکت دار رہے گا، امریکہ

واشنگٹن(گلف آن لائن)امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان حالیہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کا اہم شراکت دار رہے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہوگا کیونکہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان اس کا اہم شراکت دار ہے۔

پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی بڑھتی لہر پر بات کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ دہشت گردی ایک لعنت ہے جو پاکستان، بھارت اور افغانستان کو متاثر کر رہی ہے اور یہی وہ چیز ہے جس پر ہم پورے خطے میں توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو وہ امریکا کا اہم شراکت دار ہے اور ہر لحاظ سے شراکت دار ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہم نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم پر بات کی ہے۔

واضح رہے کہ 30 جنوری کو پشاور کے ریڈ زون علاقے میں زور دار خودکش دھماکہ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت ایک سو کے قریب افراد شہید ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں