مریم نواز

شاہد خاقان بڑے بھائی ہیں، ان کے پاس چل کر جائوں گی،مریم نواز

اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ شاہد خاقان عباسی ناراض نہیں، وہ بڑے بھائی ہیں، ان کے پاس خود چل کر جائوں گی۔شاہد خاقان عباسی کی جانب سے انہیں اپنی لیڈر تسلیم نہ کرنے کے بیان کے رد عمل میں پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا میرے والد سے30برس سے زیادہ کا تعلق ہے، وہ نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں۔

سینئرنائب صدرنے کہاکہ احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق سب سینئرز کی سر پرستی اور نگرانی میں کام کر رہی ہوں، سینئرز کو اپنے پیچھے کھڑا نہیں کرنا چاہتی، نہ میری ایسی پرورش ہوئی ہے، یہ میرے لیے لائن ہے، اسے کراس نہیں کر سکتی۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ مریم نہ میری لیڈر ہیں، نہ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ پارٹی کی لیڈر ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ میرے لیڈر نواز شریف ہیں اور پارٹی کے صدر شہباز شریف ہیں، مریم نواز نے پارٹی صدارت سنبھالی تو فیصلہ کروں گا کہ جماعت میں آگے چل سکتا ہوں یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں