شبلی فراز

الیکشن نہ کروانا ہمیں 1971کی یاد دلاتا ہے، شبلی فراز

لاہور (گلف آن لائن)تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن نہ کروانا ہمیں 1971ء کی یاد دلاتا ہے،ہمیں ہمارے آئینی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، انتخابات کاانعقاد مسئلہ نہیں ہے بنادیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ انتخابات کاانعقاد مسئلہ نہیں ہے بنادیا گیا ہے، حکومت نے بہانوں سے الیکشن کے انعقاد کو متنازع بنایا، آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات ہونا ہیں، لیکن ہمیں اس کے لئے بھی عدالتوں میں جانا پڑا، عدالتوں نے الیکشن کمیشن کو بلایا بھی تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں ہمارے آئینی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد نہ ہونا آئین شکنی ہے، الیکشن نہ کروانا ہمیں 1971کی یاد دلاتا ہے، نگران حکومت 90روز سے زائد چلی تو غاضب کہلائے گی، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پرلگی ہوئی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ معاشی حالات کی وجہ سے ہرشخص پریشان ہے، ملک کو بچانے کیلئے قانون کی بالادستی ضروری ہے، یہ جنگ صرف تحریک انصاف کی نہیں ہر پاکستانی کی ہے، حکمران بہانے بنا کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے لیڈر قانون کے بھگوڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں