عمران خان

پاکستان کی ترقی، مفادات ،جمہوریت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرونگا، کسی سے بھی بات کیلئے تیار ہوں’عمران خان

لاہو ر(گلف آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کیلئے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں، میں کسی سے بھی بات کرنے کے لئے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہوں،ہمارے نوجوانوں میں حقیقی آزادی کی تڑپ موجود ہے، اللہ رب العزت سے دعا ہے قوم کو حقیقی آزادی سے آشنا کر دے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب قانون کی حکمرانی ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے اور وہ خود کو احساسِ کمتری سے پاک کر لیتے ہیں توعمومی انسانوں سے کہیں اوپر اٹھ جاتے ہیں جس کی جھلک ہمیں جنابِ اقبال کے تصورِ شاہین میں ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حوالے سے ہمارے نوجوانوں میں موجود تڑپ ہی تو ہے جس کیلئے میں نے ہمیشہ رب العزت سے دعا کی کہ ایک روز میری قوم کو اس سے آشنا کردے! وہ قومیں جن کے نوجوان آزادی کو اپنی زندگیوں سے بالا شمار کرتے ہیں، واقعتا کارنامے سرانجام دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کیلئے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں، میں کسی سے بھی بات کرنے کے لئے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہماریساتھ شامل پاکستان کے عوام اور لاہور سمیت پاکستان بھر سے آنے والے اپنے کارکنان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ ہماری اس جدوجہد اور حقیقی آزادی کے سفر کو اللہ رب العزت کامیاب فرمائیں!۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین اور 90روز میں انتخابات کے انعقاد کی حمایت اور محاصرے کیساتھ زمان پارک میں (ریاستی)قوت کے بیجا استعمال کی مذمت میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرنے پر میں لاہور ہائیکور ٹ بار کا شکرگزار ہوں، اظہار یکجہتی کیلئے زمان پارک تک پیدل مارچ کرنے والے وکلا کا بھی نہایت مشکور ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں