مسجد اقصی

اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی جاری، ایک اور فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس(گلف آں لائن)اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی قابض افواج نے مسجد اقصی پر دھاوا بولا اور نمازیوں کو وہاں سے نکال دیاتاہم ایک فلسطینی نوجوان نے فورسز کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو بچانے اور رکاوٹ توڑتے ہوئے مسجد میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کی جس پر اسرائیلی اہلکار نے اسے گولی مار کر شہید کردیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے فلسطینی خاتون کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ مسجد میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔مقامی فلسطینی میڈیا نے اطلاع دی کہ نوجوان جس کی شناخت 26سالہ محمد الاسیبی کے نام سے ہوئی ہے، النقب میں بدوئین قصبے حورہ کا رہائشی تھا اور اس نے اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والی فلسطینی خاتون کو بچانے کی کوشش کی۔تاہم دوسری جانب اسرائیلی پولیس کا دعوی ہے کہ نوجوان نے ایک فوجی کا ہتھیار چھیننے کی کوشش کی جسے روکنے کیلئے اس پر گولی چلائی گئی۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک عینی شاہد نے کہاکہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں متعدد گولیاں چلنے کی آوازیں سنی جس سے ایک شخص باب السلسلہ گیٹ کے قریب فرش پر زخمی ہوکر گر پڑا۔مسجد اقصی کی انتظامیہ نے بتایا کہ تقریبا250,000فلسطینیوں نے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی جب کہ سینکڑوں مسجد کے اندر ہی رہے۔ مسجد میں ٹھہرنے والے چند فلسطینیوں میں سے ایک نے مقامی فلسطینی میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے حرم کے صحن پر دھاوا بول دیا اور زیادہ تر نمازیوں کو زبردستی باہر نکال دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں