سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنے شہر کی تعمیر وترقی کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے ، خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ (گلف آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنے شہر کی تعمیر وترقی کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔وہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ(ن)سیالکوٹ کی جانب سے شہر اقبال کے تین سپوتوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز ملنے کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار عشائیہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی حکومت پاکستان کو زرمبادلہ کما کر دے رہی ہے،مجھے فخر ہے کہ میں اس شہر سیالکوٹ سے ہوں جس نے ہمیشہ حکومت کو زرمبادلہ کما کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا بزنس مین ہمیشہ ملکی تعمیرو ترقی اور استحکام کیلئے کوشاں رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مجھے ہمیشہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی خدمت کر کے بہت زیادہ خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ کاروبار پھلے پھولے گا تو لوگوں کو نوکریاں بھی ملیں گی جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے میرے شہر نے بہت عزت بخشی ہے جس پر میں ہمیشہ اس شہر کے باسیوں کا مشکور رہوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ 1951ء میں میرے والد نے پہلا الیکشن جیتا اور آج تک تقریباً13 الیکشنوں میں شہر سیالکوٹ کے لوگوں نے مجھے جیت سے نوازا ہے جس پر میں اہلیان سیالکوٹ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اور میرے والد کو عزت بخشی۔ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ میں ریاض الدین شیخ ستارةامتیاز، علی حسنین شاہ تمغہ امتیاز اور خواجہ مسعود اخترکو ہلال امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اگست میں مزید لوگوں کو اعزازات سے نوازنے کے لیے کوشاں ہوں ۔

اس پروقار دعوت افطار میں سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد رفیق مغل، سابق سٹی مئیر چوہدری توحید اختر ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک سمیت سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ریاض الدین شیخ، علی حسنین شاہ اور خواجہ مسعود اختر کو ان کی خدمات کے صلہ میں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں