بلیغ الرحمن

ملاوٹ مافیا کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، عوام کو صاف ستھری اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں’بلیغ الرحمن

لاہور ( گلف آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انورنے گور نر ہائوس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گورنر پنجاب کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی کا رویہ اپنائیں لیکن اصولوں پر کوئی لچک نہ دکھائیں۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

عوام کو صاف ستھری اور بیماری سے پاک اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ گورنر پنجاب نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی پر زور دیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے باہر ریڑھیوں اور سڑک کے کنارے چھوٹی دکانوں پر بکنے والی اشیائے خورونوش کے معیار کو بھی یقینی بنائیں۔تاکہ عام لوگوں اور بچوں کو حفاظت صحت کے مطابق اشیائے خورونوش مل سکیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجز کی کینٹینز اور میس کی چیکنگ اور وہاں ملنے والی اشیائے خوردنوش کے معیار پر خاص توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر ہی عام عوام کو ملاوٹ سے پاک اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردنوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیرانور نے کہا کہ فوڈاتھارٹی عوام تک معیاری خوراک کی فراہمی اور فوڈ انڈسٹری میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ بعدازاں،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاس لاہور میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، کمشنر بہاولپور احتشام انور نے ملاقات کی۔

ملاقات میں جامع مسجد الصادق بہاولپور اور بوستان عزیز ریلوے سٹیشن بہاولپور کے علاوہ پورے پنجاب میں وقف املاک کی دیکھ بھال کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔اس موقع پر گورنر سیکرٹریٹ کے افسران اور محکمہ اوقاف کے متعدد افسران، ڈاکٹر رانا طارق اور میاں شاہد اقبال نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعہ مسجد الصادق ایک اہم قومی ورثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد الصادق محسن پاکستان، نواب سر صادق محمد خان خامس، کی ایک یادگار ہے جو زبوں حالی کا شکار ہے۔ اس کی دیکھ بھال فوری طور پر بہتر کی جائے ۔ گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ ان دونوں پراجیکٹس کے لئے کمیٹیاں بنائی جائیں اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وقف املاک کی بہتر دیکھ بھال کے لئے مروجہ طریقہ کار کو تبدیل کرتے ھوئے، صوبائی بجٹ سے ، اوقاف کے انتظامی اخراجات کی فراہمی کا جائزہ لے، تاکہ وقف املاک کی آمدن کو شرعی احکام کے مطابق متعلقہ مقاصد پر ہی خرچ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں