وزیر اطلاعات

نو مئی کے سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ، منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی،وزیر اطلاعات

اسلام آباد(گلف آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ نو مئی کے سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ، واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی،پی ٹی آئی چیئر مین کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی پر مبنی ہے، پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان کو اگر سزا مل جاتی تو آج ایسے واقعات نہ ہوتے، مراد سعید اور یاسمین راشد حالات خراب کرنے کی ہدایات جاری کر رہے تھے، کیا وہ ایجنسی کے بندے ہیں؟، ملک کو جلانے والوں کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

منگل کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ مشکل معاشی صورتحال میں وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی، 9 مئی کے سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے،عمران خان کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی پر مبنی ہے۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان نے ڈی چوک پر قبریں کھودیں، سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکائے پی ٹی وی پر حملہ کیا، عمران خان نے اپنے کارکنوں کو پی ٹی وی پر حملے پر شاباش دی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان کو اگر سزا مل جاتی تو آج ایسے واقعات نہ ہوتے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ مراد سعید اور یاسمین راشد حالات خراب کرنے کی ہدایات جاری کر رہے تھے، کیا وہ ایجنسی کے بندے ہیں؟، ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے عدالت کے کمرے سے پیغام دیا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو 9 مئی سے زیادہ ردعمل آئے گا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر بھی یہی کام کرتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ان سے کوئی سوال کرتا تھا تو اس کی پسلیاں توڑی جاتی تھیں، اسے سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا جاتا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ 9 مئی کو جو انہوں نے کیا وہ کسی دہشت گرد نے بھی نہیں کیا، عمران خان نے جی ایچ کیو پر حملہ کروایا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی محب الوطن جماعتیں انصاف اور عدل کو بچانے کے لئے سیاسی ردعمل دیتی ہیں، یہ سیاسی ردعمل قوم نے گزشتہ روز شاہراہ دستور پر دیکھا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ گزشتہ روز کے احتجاج میں عوامی ردعمل تھا، شاہراہ دستور پر اہم عمارتیں ہیں، کسی بھی جگہ کوئی نقصان نہیں پہنچا، پتہ تک نہیں ہلا۔مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان نے قومی تنصیبات پر حملہ کروا کر الزام اداروں پر ڈال دیا، اگر عمران خان کے پاس ثبوت تھے تو عدالت میں پیش کیوں نہیں کئے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے اپنے دور میں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز شاہراہ دستور پر عوام نے پرامن احتجاج کیا، ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، ایوان صدر سمیت شاہراہ دستور پر تمام اہم عمارتیں محفوظ رہیں، کسی نے ان پر حملہ نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ کوئی مجرم جب عدالت آتا ہے تو اسے ”گڈ ٹو سی یو” کہنا ٹھیک ہے؟ ،۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ 9 مئی کو جو کچھ پی ٹی آئی نے کیا وہ تو دشمن بھی نہیں کر سکا، جس جگہ جناح ہائوس جلایا گیا وہاں گورنر ہائوس اور دیگر اہم عمارتیں بھی تھیں، پھر جناح ہائوس ہی کیوں جلایا گیا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو جلانے والوں کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان جھوٹا اور فراڈ شخص ہے، بائیس کروڑ عوام کو بے وقوف نہ بنائے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مراد سعید، شیخ امتیاز، علی چوہدری، چوہدری اعجاز، صغیر وڑائچ، خواجہ طارق رحیم، اعجاز منہاس، یاسمین راشد، عباد فاروق کی آڈیو لیکس بھی میڈیا کو سنائیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما کور کمانڈر کے گھر، آرمی ہا?س سمیت دیگر اہم تنصیبات پر حملوں کی ہدایات جاری کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں