وزیر اطلاعات

مریم اور نگزیب سے برطانوی قائمقام ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔بدھ کو ہونے والی ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ،۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ہائی کمشنر کو تاج پوشی پر شاہ چارلس سوئم اور برطانیہ کے عوام کو مبارک دی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ اور کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان احترام اور بااعتماد پر مبنی دوستی کا مظہر ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ملاقات میں فلم پالیسی اور میڈیا ٹریننگ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان میں صحت، تعلیم، گورننس اور انسانی وسائل کی ترقی میں برطانوی حکومت کا کردار لائق تحسین ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ صحافیوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے برطانیہ کے جدید میڈیا نصاب سے مدد لی جائے گی۔قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سمیت اطلاعات کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔برطانوی ہائی کمشنر نے میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کے 7 درجے بہتر ہونے کو خوش آئند قرار دیا اور وزیر اطلاعات کو مبارک دی۔قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے اقتصادی بحران کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین بھی دہانی کرائی۔قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نیک خواہشات اور گہری دلچسپی کااظہارکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں