عمران خان

ہم جنگل کے قانون کی زد میں ہیں، آخری دم تک مزاحمت کرونگا: عمران خان

لاہور (گلف آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اس یزیدیت کے سامنے سرنگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے چنانچہ میں اپنے آخری دم تک (اس یزیدیت کیخلاف) مزاحمت کروں گا۔

شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں کی طرح وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے جبکہ اس (لاقانونیت) کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے۔

عمران خان نے کاہکہ عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے ساتھ آئین کو بھی نہایت بے رحمی اور ڈھٹائی سے روندا جارہا ہے، پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہمارے قائدین کو تحریک چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کا خون سرِعام کیا جارہا ہے، میڈیا کا گلا گھونٹا جاچکا ہے جبکہ سوشل میڈیا کارکنان (ایکٹیویسٹس) کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس یزیدیت کے سامنے سرنگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے، چنانچہ میں اپنے آخری دَم تک (اس یزیدیت کیخلاف) مزاحمت کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں