حسن علی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں واپسی پر بے حد خوش ہوں، حسن علی

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے سری لنکا کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں اپنی سلیکشن پر کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں واپسی پر بے حد خوش ہوں۔ہفتے کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ سری لنکا کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں حسن علی سمیت سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ شاہین ا?فریدی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی اسکواڈ میں بابراعظم ( کپتان ) ،محمد رضوان ( نائب کپتان اور وکٹ کیپر ) ،عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے تاہم حسن علی نے ٹیم میں نام آنے پر اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔قومی کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں واپسی پر بے حد خوش ہوں۔

حسن علی نے کہا کہ میں اپنی طرف سے سو فیصد دینے کا منتظر ہوں اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025ـ2023 کی کیمپین کا آغاز نئے مقاصد کے ساتھ کرنے کے لیے تیار ہوں۔واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔خیال رہے کہ حسن علی ان دنوں انگلینڈ میں ہونے والی لیگ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ٹیم واروک شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، حسن علی کی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کارکردگی نمایاں ہے، حال ہی میں انہوں نے ناٹنگھم شائر کے خلاف 5 وکٹیں لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں