ندیم افضل چن

آپ ’’گل کو نا ہی ودھائیں‘‘ تو اچھا ہوگا، ندیم افضل چن کا اتحادیوں کو مشورہ

لاہور ( گلف آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ لاہور میں جب پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہراتا ہے تو بڑوں بڑوں کو تکلیف ہوتی ہے ، بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری لاہور میں بیٹھتے ہیں تو بہت سے لوگوں کو مروڑ اٹھتے ہیں۔

ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن ) کو عمل کرنا ہوگا، ہم صرف صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں، ان لوگوں کو اپنے جج اور اپنے لوگ لگا کر الیکشن چاہیئں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ہمارے تحفظات پر کہا گیا تھا کہ دور کر دئیے جائیں گے، کہاں کونسا بجٹ ضائع کیا جارہا ہے اس پر بات کریں، ہم ہر مسئلے کے باوجود اتحادیوں کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، آپ ’’ گل کو نا ہی ودھائیں ‘‘ تو اچھا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تخت لاہور کی لڑائی ہے اور ہم بھی دعویدار ہیں، ہم اس لڑائی میں اپنا حصہ لیں گے۔

اس موقع پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف ہمیشہ ٹھپے لگائے جاتے رہے ہیں، اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں کہ ہم نے ٹھپے لگائے ہیں ہم دوبارہ الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی والے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں نمبر ون بنا دیں، آپ آمریت کے دور میں نمبر ون بنتے رہے ہیں، کبھی جمہوریت میں نمبر ون نہیں رہے اور نہ رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں