جاوید قصوری

حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے 24کروڑ عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے مسلسل برسا رہی ہے ، جاوید قصوری

لاہور (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔ملک میں ایک جانب شارٹ فال 6ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر چکا ہے ،آٹھ سے دس گھنٹوں کی بجلی کی بندش ہو رہی ہے، مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں تو دوسری جانب بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوا دیںہیں ۔ حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے 24کروڑ عوام پر مہنگائی کے کوڑے مسلسل برسا رہی ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ ان نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے کی کوئی امید نہیں ۔بجلی بحران سے نجا ت حاصل کرنے کے لئے پن بجلی پروجیکٹ کی استطاعت کو بڑھانا ہو گا ۔عالمی منڈی میں پاکستانی اشیاء کی کھپت میں اضافے کے لئے لاگت میں کمی کرنا ہو گی ۔

صنعتوں ،کارخانوں اور گھریلو صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سرمایہ کاروں کے لئے بہتر ماحول بنائیں ۔ محض اعلانات کرنے سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا اور نہ ہی لوگوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد بحا ل ہو گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعظم سمیت تمام کابینہ کے ارکان اپنے اثاثہ جات اور سرمایہ پاکستان منتقل کریں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کا یہ المیہ ہے کہ جن لوگوں نے ہر دور حکومت میں لوٹ مار کی اور قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا وہی لوگ بار بار بر سر اقتدار آ جاتے ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کرتے ۔ پروٹوکول کے نام پراربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ ان کرپٹ افراد سے چھٹکارہ پانا ہو گا تاکہ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں