امیر مقام

پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، امیر مقام

شانگلہ(گلف آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہماری جماعت خیبرپختونخوا کے عوام کی تقدیر بدل دے گی. ہفتہ کو مارتونگ میں نادرا دفتر کے افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان نے تیزی سے ترقی کی اور ملک کو خوشحالی کی بلندیوں تک پہچایا، امید ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی سماجی اقتصادی ترقی کیلیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکسان مسلم لیگ (ن) کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں اور اس کی عوامی فلاح و بہبود اور پاکستان کی پالیسیوں کی وجہ سے سینئر اور مقبول سیاستدان وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اس میں شامل ہو رہے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی سمیت چار دیگر ارکان پارلیمنٹ نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے اور پارٹی قیادت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے نادرا آفس کے افتتاح پر مارتونگ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ شانگلہ کی دیگر تحصیلوں میں بھی اس کے دفاتر قائم کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ یہاں کے عوام کو سہولت میسر ہو.

انہوں نے کہا کہ شانگلہ سمیت خیبر پختونخوا کے عوام سیاسی تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ وہ مارتونگ کے بجلی سے متعلق مسائل سے بخوبی واقف ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کریں۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد خان اور دیگر نے ضلع شانگلہ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا شکریہ ادا ک۔ انہوں نے کہا کہ مارتونگ میں نادرا دفتر کے آغاز سے لوگوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ان کی دہلیز پر ملے گی اور اس سے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔اس موقع پر لوگوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں