بشری بی بی

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روک دیا، حکم امتناعی جاری

لاہور(گلف آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا، وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنراوردیگرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل ندا کفیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا کر نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیرآئینی قرار دیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔وکیل کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کیا ، ساتھ ہی وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے ۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب ملتوی کردیا گیا تھا۔ پی سی بی نے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے منگل کو لاہور میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا تھا۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین کے انتخاب کے لیے ہونے والا اجلاس ملتوی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں