سویڈن حکومت

قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پرسویڈن حکومت کا مؤقف سامنے آگیا

سٹاک ہوم : (گلف آن لائن) سویڈن نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کو انفرادی قرار دے کر مسترد کر دیا۔پاکستان میں سویڈن کے سفارت خانے کی جانب سے حکومتی بیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کیا گیا ہے، پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ سویڈش حکومت اسلاموفوبیا پر مبنی اس عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

سویڈش حکومت کا کہنا ہےکہ یہ واقعہ سویڈن کی حکومت کا موقف واضح نہیں کرتا ہے۔اس واقعے کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹوکمیٹی نے آئندہ ہفتے ہنگامی اجلاس بلالیا ہے، اجلاس میں ضروری اقدامات سے متعلق اجتماعی موقف اپنایا جائےگا۔

پاکستان سمیت عراق، ایران، سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کا عمل دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین نے بھی قرآن کریم کی بے حرمتی کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جارحانہ، بے عزتی اور واضح طور پر اشتعال انگیزی پر مبنی ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یورپی یونین مذہب یا عقیدے اور اظہار رائے کی آزادی کیلئے کھڑی ہے، نسل پرستی، نفرت انگیزی، عدم برداشت کی یورپ میں کوئی جگہ نہیں، بےحرمتی کا واقعہ ایسے وقت پر کیا گیا جب مسلمان عیدالاضحیٰ منا رہے تھے۔یورپی یونین کا مزید کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے باہمی افہام و تفہیم اور احترام کیلئے ایک ساتھ کھڑے ہوجائیں، یہ بڑھتے ہوئے تنازعات کو روکنے کا وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں