سراج الحق

جماعت اسلامی کا قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف جمعہ کو یوم مذمت منانے کا اعلان

لاہور (گلف آن لائن) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف جماعت اسلامی نے 7 جولائی بروز جمعۃ المبارک کو یوم مذمت منانے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ سویڈن میں حکومت کی اجازت سے قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی، واقعے سے 2 ارب مسلمانوں کے دلوں کو جلایا گیا، ایسا عمل کر کے اندر چھپی ہوئی جہالت کا اظہار کیا گیا، قرآن مجید کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے، 14 صدیاں گزرنے کے بعد بھی قرآن مجید اس ہی حالت میں موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سویڈن واقعہ پر غیر مسلموں نے بھی مذمت کی ہے، سویڈن میں عید کے دن یہ واقعہ ہونا بہت سے سوالات پیدا کرتا ہے، ہم سمجھ رہے تھے اس معاملے پر او آئی سی کا اجلاس ہو گا، افسوس ہے چند بے ذائقہ بیانات کے علاوہ کوئی چیز سامنے نہیں آئی، جماعت اسلامی آئندہ جمعہ 7 تاریخ کو اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرے گی اور 5 بر اعظموں میں یوم مذمت منا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمارے بہت سے ممالک کے ساتھ رابطے جاری ہیں، ہم مل کر جمعے کو احتجاج کریں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سویڈن کے سفیروں کو واپس بھیج دیں، سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، قرآن کریم مقدس کتاب ہے، حفاظت کیلئے قانون سازی کی جائے، چند لوگ انسانیت کو آپس میں لڑانے کیلئے سازش میں ملوث ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں