سینیٹر شیری رحمان

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور سماجی انصاف کی انتھک جستجو عوام میں آج بھی زندہ ہے،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور سماجی انصاف کی انتھک جستجو عوام میں آج بھی زندہ ہے، جمہوریت پر ان کا غیر متزلزل یقین اور عام آدمی کو بااختیار بنانے کا عزم ہم سب کیلئے رہنما اصول کا کام کرتا رہے گا۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ?5 جولائی کا دن ہماری تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر نقش ہے۔

5 جولائی1977ء کے اندوہناک دن رونما ہونے والے واقعات نے ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا اور ہماری قوم پر گہرا اثر ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ افسوسناک دن تھا جب لوگوں کی جمہوری امنگوں کا گلا گھونٹ دیا گیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب اور آئینی حکومت کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والے اثرات سے ملک آج تک نہیں نکل پایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور سماجی انصاف کی انتھک جستجو عوام میں آج تک گونج رہی ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی میں ان کاحصہ بے مثال ہے۔

جمہوریت پر ان کا غیر متزلزل یقین اور عام آدمی کو بااختیار بنانے کا عزم ہم سب کے لیے رہنما اصول کا کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور تمام ان لوگوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے آئین اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور بہت بڑی قیمت ادا کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔

پیپلز پارٹی ایک ایسا جمہوری معاشرہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی جہاں آئینی اقدار پروان چڑھیں، جہاں لوگوں کی آواز سنی جائے اور جہاں انصاف تک سب کی رسائی ہو۔ شیری رحمان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایک مضبوط جمہوریت اور آئین کو برقرار رکھ کر ہم اپنی قوم کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل بنا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں