شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے تورغر:بونیر شاہراہ،بونیر:کڑاکڑ رابطہ سرنگ اور تورغر بونیر آر سی سی پْل کاسنگ بنیاد رکھ دیا

تورغر(گلف آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تورغر۔بونیر شاہراہ،بونیر۔ کڑاکڑ رابطہ سرنگ اور تورغر بونیر آر۔سی۔سی پْل کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔ جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع تور غر کادورہ کیا، وزیراعظم کو ضلع تورغر میں کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے تورغر،بونیر شاہراہ،بونیر،کڑاکڑ رابطہ سرنگ اور تورغر بونیر آر،سی،سی پْل کاسنگ بنیادرکھا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین و مشران نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، مشیروزیراعظم انجینئر امیر مقام اور کیپٹن (ر) صفدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضلع تور غر میں سڑکوں، پلوں اور دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے سے ضلع تور غر میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمدنواز شریف نے اپنے دور میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کئے۔ گزشتہ حکومت نے ان منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، نوازشریف کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ بجٹ میں ان منصوبوں کے لئے رقم مختص کر دی گئی ہے، وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل کے لئے صوبے کی معاونت کرے گی۔ وزیراعظم کوبونیر میں بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے ہدایت کی کہ بونیر اور تورغر کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے۔ ان ترقیاتی منصوبوں پر دن رات کام کیاجائے اور معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہ کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں