وزیر اطلاعات

نوازشریف کی نوجوانوں کو مستقبل کا معمار بنانے کے وژن پر وزیراعظم نے عمل درآمد شروع کر دیا ، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ قائد نوازشریف کی نوجوانوں کو مستقبل کا معمار بنانے اور انہیں ترقی سے ہم کنار کرنے کے وژن پر وزیراعظم شہباز شریف نے پھر سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ علم سے محبت کرنے والے نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پھر سے اس دعا کے ساتھ آغاز ہو رہا ہے کہ نوجوان ترقی کا ”چھو لیں آسماں”۔

انہوںنے کہاکہ وہ پروگرام جسے فتنہ وفساد اور انتشار کے منصوبہ ساز نے ”سیاسی رشوت”کہہ کر علم دشمنی کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ یہ پروگرام نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی، تعلیم، ہنر سے آراستہ کرنے، روزگار، کاروبار کے لئے سرمایہ فراہم کرنے، صحت مند بنانے کیلئے کھیل اور مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کی روشنی ہے جو اس سیاہ سوچ کو مٹائے گی۔

انہوںنے کہاکہ جو نوجوانوں کو مرجانے، مار دینے، جلانے کی طرف اکساتی ہے، اپنے مذموم عزائم کے لئے ان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ کے بجائے پٹرول بم، بندوق، غلیل، پتھر اور ڈنڈے تھماتی ہے، عمارتوں، قومی اداروں پر حملے کراتی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کراتی، ان کے خلاف غلیظ مہم چلاتی اور نوجوانوں کو اپنے مذموم ایجنڈے کا ایندھن بناتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں