قمر زمان کائرہ

برہان مظفر وانی کی جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کی لازوال مثال ہے، قمر زمان کائرہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی کی جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک لازوال مثال ہے۔ مشیر امور کشمیر نے برہان مظفر وانی شہید کی ساتویں برسی کے موقع پر شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہفتہ کواپنے بیان میں کہا کہ برہان مظفر وانی نے اپنی شہادت سے تحریک حق خودارادیت کشمیر میں نئی روح پھونکی۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے اپنی شہادت سے مقبوضہ کشمیر کی باشعور نوجوان نسل میں جدوجہد کی راہ متعین کی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ برہان وانی کی طرح کشمیر کے لاکھوں نوجوان اپنے حق خودارادیت کیلئے پرعزم ہیں،کشمیری نوجوانوں کو ڈرانے کیلئے بھارتی افواج ان کا ماورائے عدالت قتل کر رہی ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے نجات کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور گزشتہ سات دہائیوں سے جاری بھارتی ظلم و تشدد کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہادر اور غیور کشمیری ہر حال میں اپنا حقِ خودارادیت لے کر رہیں گے، پوری پاکستانی قوم برہان وانی شہید جیسے عظیم بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں