اسٹولن برگ

یوکرین کی نیٹو میں شمولیت تمام شرائط پوری کرنے کے بعد ہی ہوگی، اسٹولن برگ

برسلز(گلف آن لائن)نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینزاسٹولٹن برگ نے کہا ہیکہ نیٹو کے رکن ممالک نے اس بات پررضامندی ظاہرکردی ہے کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کرلیا جائے تاہم ایسا تب کیا جائے گا جب،اتحاد کے تمام ارکان اس پرمتفق ہوں گے اورتمام شرائط پوری کرلی گئیں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسٹولٹن برگ نے یہ بات کہی جبکہ اس سے پہلے یو کرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے یو کرین کی نیٹو میں شمولیت کا ٹائم ٹیبل طے نہ کرنے پر نیٹو اتحاد پر شدید نکتہ چینی کی تھی اوراسے فضول بات قرار دیا تھا۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہاکہ ہم دوبارہ یقین دہانی کرواتے ہیں کہ یو کرین نیٹو کا رکن بنے گا اورہم اس پر بھی رضامند ہیں کہ اس سلسلے میں لائحہ عمل کی شرط بھی ختم کردی جائے گی جو نیٹو میں رکنیت حاصل کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے یو کرین کے لیے نیٹو میں شمولیت کے دو ضروری مراحل میں سے صرف ایک باقی رہ جائے گا۔

اگرچہ نیٹو کے بیشتررکن ممالک یو کرین کو اسلحہ اورگولہ بارود فراہم کر رہے ہیں مگر ان 31 ممالک میں سے تمام یوکرین کو نیٹو کا رکن بنانے پر متفق نہیں ہیں۔اتحاد کے لیڈروں نے یو کرین کی نیٹو میں شمولیت کی راہ میں حائل بعض رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ روس سے جنگ ختم ہوتے ہی اسے فوری طور پر نیٹو میں شامل کر لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں