پرویز حنیف

حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں کا بوجھ ہر طبقہ اٹھا رہا ہے’ پرویز حنیف

لاہور(گلف آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہر دور میں حکمرانوں کی جانب سے اپنے سیاسی فائدے کیلئے وقتی اورڈھنگ ٹپائو پالیسیوں نے ملک کو موجودہ نہج تک پہنچا یا ہے ،نا عاقبت اندیش فیصلوں کا بوجھ ہر طبقہ اٹھا رہا ہے ، مہنگائی جس سطح پر پہنچ گئی ہے اب غریب عوام جو سوچ رہے ہیں اسے زبان پر بھی نہیں لایا جا سکتا ۔

اپنے بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ حکمرانوں کو ملک اور عوام سے کوئی سروکار نہیں ، انہیں صرف اپنی سیاست عزیز ہے جسے ریاست کا نام دیدیا گیا ہے ، ریاست بچانے والے اس طرح کی پالیسیاں بناتے ہیں جس سے ہر چیز تباہ ہو جائے ، بتائیں 30ہزار روپے تنخواہ لینے والا کیسے 50روپے فی یونٹ بجلی بل ادا کرے گا ، اسی طرح گیس کے بلوں میں بھی کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے ،ابتر معاشی حالات کی وجہ سے غریب کی آمدن بڑھنے کی بجائے مزید سکڑ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو حالات کے ذمہ دار ہیں وہی مگر مچھ کے آنسو بہا کر غریب عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں ، اب واقعی غریب کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور حالات جس طرف بڑھ رہے ہیں وہ بڑے خوفناک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں