سراج الحق

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے شرحِ سود بڑھی،سراج الحق

کوئٹہ (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ہیں، ان کے ہوتے ہوئے شرحِ سود میں اضافہ ہوا ہے۔جماعتِ اسلامی بلوچستان کے زیر اہتمام صوبائی انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم نے دیانت دار اور ملک کی وفادار قیادت کا چنائوکیا۔انہوںنے کہاکہ جماعتِ اسلامی (ن )لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی ٹی آئی کی طرح نہیں ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کوئی ممبر بن جائے، کوئی وزیر بن جائے، یہ ہماری کامیابی نہیں، ہم سب نے مل کر ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم اسمبلیوں میں عددی اعتبار سے کم ہیں، مگر پی ڈی ایم ہو یا پیپلز پارٹی ہو، مسلم لیگ یا پی ٹی آئی ہو، یہ سب ناکام ہو گئی ہیں۔امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ان جماعتوں کے ساتھ انقلاب کا کوئی پروگرام نہیں ہے،

ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا عزم کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ سودی نظام اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے، ہم نے خیبر پختون خوا میں حکومت آتے ہی سودی نظام ختم کر دیا تھا۔امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ان جماعتوں نے احتساب کے اداروں، زراعت اور صنعت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا، توشہ خانے میں گھڑی، گلدان، گاڑی، قالین کچھ نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ ظالم ٹولہ ملک پر مسلط ہے، بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا، اب 1 یونٹ 60 روپے کا ہو گا،

اس ملک کو تبدیلی اور انقلاب کی ضرورت ہے۔امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین اپنی اولادوں کو عہدے دینے کی فکر میں ہیں، پی ڈی ایم سے اتحاد اس لیے نہیں کیا کہ ان کامقصد صرف اقتدار تک رسائی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم سودی نظام کے بجائے زکوٰةاور عشر کا نظام نافذ کریں گے، قوم پرست جماعتیں بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار تمام حلقوں پر جماعتِ اسلامی الیکشن میں حصہ لے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں