اسلام آباد (گلف آن لائن) اسد عمر کا کہنا ہے کہ توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔ تفصیلات کے مطابق توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔
اسد عمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس کے مختلف پہلو ہیں۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے صرف 10 دن رہ گئے ہیں،انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن پر اعتماد ہو،ایک طرف الیکشن شیڈول جاری ہو رہا ہو گا تو دوسری جانب پی ٹی آئی کیخلاف کیسز کی سماعت ہو گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسد عمر نے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے بیان پر اپنے ردِعمل میں کہا کہ یہ کہانی کہاں سے ایجاد کر دی؟ میرے وزارت خزانہ سے ہٹنے کا مہینہ اپریل 2019 تھا جب زرمبادلہ کے ذخائر8.7 ارب ڈالر تھے۔انہوں نے کہا کہ شبر بھائی خیریت ہے،یہ کہانی کہاں سے ایجاد کر دی؟ تحریک انصاف کی حکومت اگست 2018 میں بنی جس کے اختتام پر اسٹیٹ بنک کے زر مبادلہ کے ذخائر 9.8 ارب ڈالر تھے۔اس موجودہ حکومت کے دور میں زر مبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر سے بھی کم ہو گئے تھے اور قرضوں کی ادائیگی میں ڈیفالٹ نہیں ہوا تو 8.7 ارب ڈالر پر ڈیفالٹ کیسے ہوتا؟ جبکہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جا کر کہا کہ آپ کی حکومت کو10ماہ ہو گئے ہیں یہ جس طرح چل رہی ہے۔
ڈیفالٹ کی طرف جارہی ہے،جس پر سابق وزیراعظم نے اسد عمر کو فون کیا اور کہا شبر زیدی یہ کہہ رہے ہیں؟ اسد عمر نے کہا کہ شبر زیدی ٹھیک کہہ رہے ہیں، جس پر عمران کان نے کہا کہ تم نے مجھے بتایا نہیں؟کہتا میرا خیال تھا کہ آپ کو پتا ہے،اس کے تین چاردن بعد اسد عمر کو تبدیل کر دیا گیا۔



